ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: ’کورونا‘ وائرس سے نمٹنے کے لئے شمالی کینرا ضلع اسپتال میں خصوصی انتظام

کاروار: ’کورونا‘ وائرس سے نمٹنے کے لئے شمالی کینرا ضلع اسپتال میں خصوصی انتظام

Sat, 01 Feb 2020 21:13:24    S.O. News Service

کارواریکم / فروری (ایس اونیوز)چین سے نکل کر دنیا بھر کے لئے وبائی خطرہ بن جانے والے ’کورونا‘ وائرس سے نمٹنے کے لئے شمالی کینرا ضلع پنچایت کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر روشن ایم نے ضلع اسپتال کے ذمہ داران کو ہدایت جاری کردی ہے اور ایمرجنسی صورتحال پیدا ہونے پر ایسے مریضوں کودیگر مریضوں سے الگ رکھنے کے لئے ایک خصوصی مرکز (آئسولیشن سینٹر) قائم کرنے کے لئے کہا ہے۔

خیال رہے کہ سردی اور بخار کے ساتھ پھیپھڑوں پراثرا نداز ہونے والے ’کورونا‘ وائرس نے اس وقت چین میں تباہی مچارکھی ہے۔ سیکڑوں لوگ موت کا شکار ہوگئے ہیں۔ عالمی ادارہ  صحت نے اسے ’عالمی ایمرجنسی‘ صورت حال قرار دیا ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں اس وائرس کے منتقل ہونے کا پتہ چلا ہے۔ 

 ہندوستان میں بھی اس وائرس کے موجود ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس وجہ سے ضلع شمالی کینرا چونکہ تجارتی بندرگاہوں، ہوائی اور ریلوے سفر کے مراکز سے قریب ہے، اور پڑوسی ریاست گوا سے یہاں سیاحوں کی آمد ورفت بھی مسلسل جاری رہتی ہے۔ اس وجہ سے بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کے ذریعے یہاں پر اس وباء کا اثر ہونے کے امکانا ت موجود ہیں۔ اس لئے احتیاطی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات ضلع اسپتال کو دی گئی ہیں۔

 سی ای او محمد روشن نے بتایاکہ انہوں نے بندرگاہوں پر جہازوں کے عملے سے متعلقہ افراد کی پوری طبی جانچ کروانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے کے اسسٹنٹ کمرشیل منیجر سے بھی بات چیت کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ ریلوے اسٹیشنوں کے افسران کو ایسے مسافروں پر نظر بنائے رکھنے کی ہدایت دی جائے جن کے اندر سردی بخار کی علامات دکھائی دیتی ہوں۔ساتھ ہی ریلوے مسافروں کے اندر اس وائرس کے بارے میں بیداری لانے کے لئے  لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کرنے کو کہا گیا ہے۔

 محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے بھی کورونا وائرس کے سلسلے میں چوکسی برتنے کا سرکیولر جاری کیا گیا ہے۔


Share: